لاہور(اے پی پی)بھارتی اداکار رضا مراد، پاکستانی اداکار مصطفیٰ قریشی اور غزل گائیک غلام علی نے لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس کی، دل کھول کر پیار محبت بڑھانے، نفرتیں کم کرنے کی باتیں ہوئیں، رضا مراد نے نوری نت کا ڈائیلاگ بولا۔ رضا مراد کے مطابق مصطفی قریشی کی فلمیں دیکھ کر بہت کچھ سیکھا، ان سے ملنے کی مراد پوری ہو گئی۔ لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو میں رضا مراد کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی جیت پر مبارک باد، انسان کو صرف پیار سے ہی خریدا جا سکتا ہے۔ رضا مراد نے شکوہ کیا کہ پاکستانی فنکاروں کو بالی وڈ میں کام دیا جاتا ہے مگر بھارتی اداکاروں کو کام کرنے کے لیے نہیں بلاتے۔ لیجنڈ مصطفی قریشی نے کہا کہ فنکار کی سرحد ہوتی ہے مگر فن کی نہیں،جس طرح بھارتی فلمیں پاکستان میں لگتی ہیں اسی طرح پاکستانی فلموں کو بھی بالی ووڈ میں جگہ ملنی چاہیے۔ گلوکار غلام علی کا کہنا تھا کہ سرحد کے اُس پار عوام سے بہت پیار ملتا ہے، فرمائش کئے جانے پر غلام علی نے اپنی غزل گنگنائی۔