خبرنامہ پنجاب

رمضان بازار: جائزہ لینے کیلئے کمیٹی قائم

لاہور(آئی این پی )وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ہدایت پر رمضان بازاروں میں عوام کو سستے داموں معیاری اشیائے صرف کی فراہمی کے انتظامات کا باقاعدگی سے جائزہ لینے کیلئے صوبائی کابینہ کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔ ذرائع کے مطابق صوبائی کابینہ کمیٹی رمضان پیکیج کے تحت عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لے کر روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرے گی، جبکہ کمیٹی کے اراکین رمضان بازاروں میں کئے جانے والے انتظامات کی باقاعدہ مانیٹرنگ بھی کریں گے۔ کابینہ کمیٹی ڈ ی سی او ز ، ڈی پی اوز اور دیگر انتظامی و ضلعی افسران کے دوروں کو بھی مانیٹرکرے گی۔ کمیٹی رمضان المبارک کے دوران روزانہ اجلاس منعقد کرے گی اور اپنی تجزیاتی رپورٹ وزیر اعلی کو پیش کرے گی، جبکہ صوبائی وزیر خوراک ، صوبائی وزیر صنعت اور صوبائی وزیر زراعت کمیٹی کے کنوینئر ہوں گے۔