خبرنامہ پنجاب

رنگ روڈ منصوبے میں کروڑوں کی بے ضابطگیوں کے سپیشل آڈٹ کا حکم

لاہور:(آئی این پی ) پنجاب اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی نے رنگ روڈ کے منصوبے میں کروڑوں روپے کی بے ضابطگیوں کا نوٹس لے لیا ۔ پی اے سی نے 2005 سے 2015 تک رنگ روڑ منصوبے کے سپیشل آڈٹ کا حکم دیدیا ۔ پنجاب اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کے قائم مقام چیئرمین میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کمیٹی نے لاہور کے رنگ روڈ منصوبے میں کروڑوں روپے کی بے ضابطگیوں کا نوٹس لیتے ہوئے دو ہزار پانچ سے لیکر دو ہزار پندرہ تک اس منصوبے کے سپیشل آڈٹ کا حکم دیدیا ۔ پی اے سی کے قائم مقام چیئرمین میاں اسلم اقبال نے حکم دیا کہ رنگ روڈ کا ماسٹر پلان ، لینڈ ایکوزیشن ، پلان میں تبدیلیوں سے آگاہ کیا جائے ۔ رنگ روڈ منصوبے کی لاگت میں اضافے سمیت متعدد امور پر بھی رپورٹ دی جائے ۔ پی اے سی کے اجلاس میں دھرم پورہ سے ٹھوکر نیاز بیگ تک ریلنگ منصوبے میں بھی کروڑوں روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ۔ ٹھیکیدار کے ساتھ 6945 میٹر کا 11865 روپے فی میٹر کے حساب سے کنٹریکٹ کیا گیا ۔ ٹینڈر کے بغیر ہی ریٹ بڑھا کر 13639 روپے اور ریلنگ کی لمبائی 17200 میٹر کردی گئی ۔ پبلک اکائونٹس کمیٹی نے ریکوری کا حکم دیکر ساٹھ دن میں انکوائری کا حکم دیدیا ۔ انڈر پاس ریلوے کراسنگ مریدکے میں بھی بے ضابطگیاں سامنے آگئیں ۔ ریلوے سے این او سی لئے بغیر 14 ملین کی ٹھیکیدار کو ادائیگی کر دی گئی ۔ ریلوے نے این او سی دینے سے انکار کر دیا ۔ کمیٹی نے ریکوری کا حکم دیدیا ۔ کاہنہ نو سے کاہنہ کاچھا میں سڑک میں کروڑوں روپے زائد ادائیگی کر دی گئی ۔