لاہور (ملت + آئی این پی) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے کہا ہے کہ رواں ہفتہ شریف خاندان پر بھاری ہے، حیدر آباد میں سڑکوں کا جال بچھانے کا اعلان کرنے والے بتائیں اپنے دور اقتدار میں کتنے ہسپتال بنائے، کتنے سکول بنائے؟ مفاد عامہ کے کتنے منصوبے لگائے؟ نام نہاد خاد اعلیٰ پنجاب ترقیاتی کاموں میں سے کوئی ایک منصوبہ بتائیں جو شفاف ہو؟ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی اپوزیشن چیمبر میں صحافیوں کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ حکمران پا نا مہ کے بعد عوام میں بے نقاب ہو گئے ہیں، اقتدار کی کشتی ڈوبتی دیکھ کر ترقیاتی کاموں کا جھوٹا وعدہ کرکے عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا رہے ہیں، لیکن عوام مکروہ چہروں سے بخوبی واقف ہو گئے، کسی کرپٹ سیاست دان کو ووٹ نہیں دیں گے، انہوں نے کہا کہ سڑکیں موٹر ویز سے نہیں پیسہ اور وسائل عوام پر خرچ کرنے سے ملکی ترقی کرتا ہے، موجودہ حکومت کی ساری کارکردگی صرف اخباری اشتہارات تک محدود ہے، قبل ازیں میاں محمود الر شید نے مہنگائی کے خلاف ایک تحریک التواء4 پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی، جس میں حکومت سے مہنگائی کے سدباب کے لئے فوری طور پر اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ متن میں بھی کہا گیا ہے کہ لاہور میں مرغی کے گوشت اور ٹماٹر و ں کی قیمتوں میں سو فیصد اضافہ ہوچکا ہے لہٰذا اس پر اسمبلی کے فلور پر بحث کی اجازت دی جائے۔