خبرنامہ پنجاب

روزہ داروں کیلئےخوشخبری،مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ (آج ) داخل ہوگا

اسلام آباد: (آئی این پی ) محکمہ موسمیات نے کہا کہ اگلے 48 گھنٹوں کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں شدید مون سون ہوائیں داخل ہوں گی۔مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ہفتہ کو ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو گا۔ ہفتہ سے پیر کے دوران اسلام آباد، بالائی پنجاب (راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن)، خیبرپختونخوا (مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن)، کشمیر (مظفرآباد، میرپور، پونچھ ڈویژن) اور فاٹا (کْرم، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، شمالی اور جنوبی ایجنسیاں) میں اکثر مقامات پر تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان۔ اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ ہفتہ سے سوموارکے دوران ملتان، ساہیوال، ڈی جی خان، بہاولپور ڈویژن میں کہیں کہیں جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ ہفتہ سے سوموارکے دوران گلگت بلتستان میں کہیں کہیں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ آئندہ 24گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہیگا ۔ گزشتہ24گھنٹوں میں کراچی، حیدر آباد، میرپورخاص، سکھر، کوئٹہ، مالاکنڈ ڈویژن اور فاٹا میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ سب سے زیادہ بارش اسلام کوٹ53، چھاچھرو37،شہید بینظیرآباد18، حیدر آباد16، بدین07،مٹھی، ٹھٹھہ05، میر پورخاص03، کراچی02، کوئٹہ06،خیبرپختو نخوا: دیر، پاراچنار01ملی میٹرریکارڈ کی گئی ۔