خبرنامہ پنجاب

رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس (آج ) لاہورمیں ہوگا

اسلام آباد (آئی این پی) شوال کا چاند کب نظر آئے گا ، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس (آج ) منگل کو لاہور میں ہوگا ، ماہرین فلکیات نے کہا کہ لاہور اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں شوال المکرم کا چاند منگل کو نظر آنے کے قوی امکانات ہیں۔ عید الفطر کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس منگل کو مفتی منیب الرحمن کی صدارت میں لاہور میں ہوگا۔ لاہور میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پندرہ سال بعد ہو گا۔ ملک میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس اسلام آباد ، کراچی ، پشاور اور کوئٹہ میں ہونگے۔ ضلعی کمیٹیاں عید الفطر کا چاند دیکھنے کے لئے اپنے اپنے متعلقہ ضلعی دفاتر میں اجلاس کا اہتمام کریں گی۔ ماہرین فلکیات کے مطابق ملک کے مختلف حصوں کی طرح لاہور اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی شوال المکرم کا چاند منگل کو نظر آنے کے قوی امکانات ہیں۔