خبرنامہ پنجاب

ریلوے سے 65سالہ گند صاف کردیا:سعد

اسلام آباد(آئی این پی)قومی اسمبلی کو حکومت نے آگاہ کیا ہے کہ حکومت نے ریلوے میں سے پچھلے 65سالہ گند صاف کردیا ،اس سے قبل ریلوے کو لاوارث ادارہ سمجھا گیا اور اس کی پراپرٹیز کو اپنی ذاتی سمجھ کر لٹایا گیا، ریلوے سے کرپشن کو ختم کر دیا اور ریلوے کی زمینوں کو واگزار کرانے کیلئے ٹارگٹ آپریشن کر رہے ہیں، گزشتہ 3سالوں میں اسلام آباد کے چاروں سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز میں 1لاکھ 22ہزار 182نفسیاتی مریضوں کا علاج کیا گیا۔پولی کلینک ہسپتال کی توسیع کیلئے سی ڈی اے نے 2.54ایکڑ زمین ہسپتال انتظامیہ کے حوالے کر دی ہے، اسلام آباد کے چاروں ہسپتالوں کی ایمرجنسی اور ضلع بھر کی تمام ڈسپنسریز اور میڈیکل سینٹرز کو اپ گریڈ کرنے کا منصوبے تیار ہو گیا ۔جمعہ کو قومی اسمبلی میں ارکان کے سوالوں کے جواب وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق،وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب اور پارلیمانی سیکرٹری داخلہ مریم اورنگزیب نے دئیے۔قبل ازیں رکن قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب نے کہا کہ تمام وزارتوں میں ملازمین کے بچوں کو ان کےء اپنے فنڈز سے تعلیم کیلئے فنڈز فراہم کئے جاتے ہیں جو زیادہ سے زیادہ1لاکھ روپے ہیں۔ رکن ساجدہ بیگم کے سوال کے جواب میں سیکرٹری پارلیمانی امور داخلہ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پولی کلینک ہسپتال کی توسیع کیلئے سی ڈی اے نے 2.54ایکڑ زمین ہسپتال انتظامیہ کے حوالے کر دی ہے،ایک اور سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ جلد ہی اسلام آباد میں نئے ہسپتال قائم کیا جائے گا،اسکے علاوہ اسلام آباد کے چاروں ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں تمام ادوایات اور آلات مفت فراہم کئے جا رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے چاروں ہسپتالوں کی ایمرجنسی اور ضلع بھر کی تمام ڈسپنسریز اور میڈیکل سینٹرز کو اپ گریڈ کرنے کا منصوبے تیار ہو گیا ہے بہت جلد اس پر باقاعدہ کام شروع کر دیا جائے گا،ایک اور سوال کے جواب میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب حکومت اور سی ڈی اے کے اشتراک سے چراہ ڈیم کا منصوبہ زیر غور ہے جس کا 17824.475ملین روپے کا نظر ثانی شدہ پی سی ون تیار کر لیا گیا ہے،پی سی ون کی منظوری کے بعد اس ڈیم پر باقاعدہ کام شروع ہو جائے گا ۔رکن عائشہ سید کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکر ٹری وزارت اطلاعات و نشریات محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا کہ پرائیویٹ چینلز کو مانیٹر کر نے کا کام وزارت کا نہیں پیمرا کا ہے۔وزارت اطلاعات پیمرا کو صرف پالیسی بنا کر دیتی ہے، رکن رائے حسن نواز خان کے سوال کے جواب میں وزیر ریولے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ گزشتہ 5سالوں کے دوران لاہور سے ملتان کے درمیان 6ریلوے سٹیشنز کو بند کیا گیا ،انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ریلوے میں سے پچھلے 65سالہ گند صاف کیا ہے،اس سے قبل ریلوے کو لاوارث ادارہ سمجھا گیا اور اس کی پراپرٹیز کو ایسے لٹایا گیا جیسے کسی کی اپنی زاتی جائیداد ہو،ہم نے ادارے سے کرپشن کو ختم کر دیا ہے،اور ریلوے کی زمینوں کو واگزار کرانے کیلئے ٹارگٹ آپریشن کر رہے ہیں۔رکن قومی اسمبلی عامرہ خان کے سوال کے جواب میں وزارت کیڈ نے اپنے تحریری جواب میں ایوان کا آگاہ کیا گیا کہ پمز ہسپتا ل کی او پی ڈی میں 2013سے 2015کے دوران38ہزار 857نفسیاتی مریضوں کا علاج کیا گیا،جبکہ کیپیٹل ہسپتال میں اس عرصے کے دوران 32ہزار266نفسیاتی مریضوں،این آئی ار ایم ہسپتال میں 9888اور پولی کلینک میں گزشتہ 3سالوں میں41ہزار 171 نفسیاتی مریضوں کا علاج کیا گیا۔ (رڈ)