لاہور ہائی کورٹ نے بحریہ ٹاون کی جانب سے راولپنڈی میں زمین کے قبضے کے معاملے کی تحقیقات کے حوالے سے توہیِن عدالت کی درخواست نمٹا دی۔
جسٹس علی اکبر قریشی پر مشتمل سنگل بینچ نے نے بحریہ ٹاؤن کی درخواست پر سماعت کی۔
لاہور ہائی کورٹ میں سماعت کے دوران بحریہ ٹاون کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔
عدالت میں وکیل اظہر صدیق نے موقف اختیار کیا کہ بحریہ ٹاون کی جانب سے راولپنڈی میں زمین پر قبضے کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے او ر قومی احتساب بیورو (نیب ) بھی ا س کی تحقیقات کررہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالت کی جانب سے حکم امتناع دیے جانے کے باوجود اینٹی کرپشن ابھی تک تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔
وکیل بحریہ ٹاؤن کا مزید کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن نے غیر قانونی طور پر مقدمہ درج کیا۔
سماعت میں ادارہ برائے انسدادِ بدعنوانی کی جانب سے ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ملک نوید عدالت میں پیش ہوئے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے عدالت کو آگاہ کیاکہ ہم نےتحقیقات روک دی ہیں۔
بعد ازاں اینٹی کرپشن حکام کے موقف کی روشنی میں لاہور ہائیکورٹ نے توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی ۔