خبرنامہ پنجاب

زہریلی شراب سے مرنیوالوں کی تعداد 24 ہوگئی

ٹوبہ ٹیک سنگھ: (ملت+اے پی پی) نشے نے کئی خاندان اجاڑ دیئے ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں زہریلی شراب پینےسے مرنے والوں کی تعداد 24 ہوگئی ، ہسپتال میں متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہے ، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا سلسلہ شروع کر دیا ۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں زہریلی شراب نے کئی گھروں میں صف ماتم بچھا دی ، ہر طرف کہرام اور آہ و بکا ، اہلخانہ غم سے بھی نڈھال ، یہ قیامت گذری ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقے مبارک آباد میں جہاں زہریلی شراب پینے سے کئی افراد کی حالت غیر ہوگئی ۔ متاثرہ افراد کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اور الائیڈ ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ ہسپتالوں میں بھی رقت آمیز مناظر دیکھے گئے ۔ ہلاک ہونے والوں کے لواحقین نے شراب فروشوں پر پولیس کی آشیرباد کا الزام عائد کیا ۔ ہلاکتوں کے بعد پولیس بھی حرکت میں آئی اور مبارک آباد کالونی پہنچی ۔ زہریلی شراب سے متاثرہ 55 افراد کو فوری طبی امدا د دیکر ہسپتال سے فارغ کردیا گیا ، جبکہ 15 افراد الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں زیرعلاج ہیں جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔