خبرنامہ پنجاب

زہریلی شراب سے ہلاکتوں کی تعداد 42 ہوگئی

ٹوبہ ٹیک سنگھ: (منلت+اے پی پی) زہریلی شراب پینے سے ہلاکتوں کا سلسلہ نہ رک سکا ، آج بھی تین افراد جان کی بازی ہار گئے ، مرنے والوں کی تعداد 42 ہو گئی ، ڈی پی او ٹوبہ نے انکشاف کیا ہے کہ ہلاکتیں شراب سے نہیں آفٹر شیو لوشن پینے سے ہوئیں ، پانچ ملزم بھی پکڑے گئے ۔ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ انکوائری ٹیم کے پہنچنے پر لواحقین پھٹ پڑے ۔ زہریلی شراب جس جس نے حلق سے اتاری وہ موت کی وادی میں جا سویا ، باقی بچ جانے والے جان کنی کے عالم میں ہیں ، متاثرہ افراد کے گردوں اور جگر نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے ، اکثر بینائی سے بھی محروم ہو گئے ، مزید ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے ، مزید 3 افراد دم توڑ گئے ۔ ادھر ڈی پی او ٹوبہ عثمان اکرم گوندل نے پریس کانفرنس کے دوران عجب قصہ سنا دیا ، ان کا کہنا تھا کہ آفٹر شیو لوشن کو شراب بنا کر فروخت کیا گیا ، ہلاکتیں بھی یہی لوشن پینے کی وجہ سے ہوئیں ۔ مرکزی ملزم سمیت پانچ افراد کو پکڑ لیا گیا ہے ، دوسری طرف گزشتہ روز وزیر اعلیٰ کی انکوائری ٹیم ٹوبہ ٹیک سنگھ پہنچی تو مرنیوالوں کے لواحقین پھٹ پڑے اور پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا ۔ ٹیم نے بھاگ کر جانیں بچائیں ، مظاہرین نعرے بازی بھی کرتے رہے ، ہلاک ہونے والے چونتیس افراد کی تدفین کر دی گئی ہے ۔