لاہور……. وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ملک کو مسائل کے گرداب سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے وعدے کی تکمیل کی جانب بڑھ رہی ہے اور ملک کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں میں لانے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ، وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں توانائی بحران کے خاتمے کیلئے بے مثال کام کیا جا رہا ہے ،مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے منصوبوں پر تیز رفتاری سے دن رات کام کرنے کا کلچر متعارف کرایا اور توانائی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے ملک بھر میں تیزرفتاری سے بجلی کے کارخانے لگائے جا رہے ہیں ،توانائی منصوبوں کی تکمیل سے 2017 کے اختتام تک ہزاروں میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو گی جس سے لوڈ شیڈنگ میں خاطرخواہ کمی ہوگی۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ سابق حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں اور غلط ترجیحات کے باعث ملک اندھیروں میں ڈوبتا چلا گیا،اگر ماضی کے حکمران توانائی بحران کے خاتمے کیلئے سنجیدہ کاوشیں کرتے تو ملک کو توانائی کی کمی کے سنگین مسئلے کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔ انہوں نے کہا گزشتہ دور آمریت میں بھی توانائی کے شعبے کو نظرانداز کیا گیاجبکہ بے مقصد دھرنوں کے ذریعے بھی دیگر ترقیاتی منصوبوں کی طرح توانائی کے منصوبوں میں رکاوٹ پیدا کی گئی،حکومت کوئلے ، ہوا، سولر، گیس ، ہائیڈل اور دیگر سستے ذرائع سے بجلی کے حصول کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے ،پنجاب میں گیس کی بنیاد پر 3600 میگا واٹ بجلی کے حصول کے کارخانے لگ رہے ہیں ، ساہیوال کول پاور پلانٹ مقررہ مدت سے پہلے مکمل ہو گا ،پنجاب حکومت نے ہوا سے ایک ہزار میگا واٹ بجلی کے حصول کیلئے ڈنمارک کی کمپنی ویسٹاز سے معاہدہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا قطر سے مائع گیس کی خریداری کیلئے طے پانیوالے تاریخ ساز معاہدے سے عوام کو سستی گیس ملے گی ،ایل این جی کی خریداری کا معاہدہ اقتصادی راہداری کے بعد قوم کیلئے ایک اور تحفہ ہے ۔ادھر وزیراعلیٰ شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہواجس میں عوام کو خدمات کی فراہمی مزید بہتر بنانے کیلئے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہا سرکاری محکموں میں عوام کے مسائل فوری حل ہونے چاہئیں اورا س ضمن میں عوام کو ہر طرح کی سہولت ترجیحی بنیادوں پر ملنا ازحدضروری ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا سرکاری امور کوفی الفور نمٹانے سے عوامی مسائل جلد حل ہوتے ہیں لہٰذااس مقصد کے حصول کیلئے موثر لائحہ عمل وضع کرکے اس پر عمل درآمد ضروری ہے ۔وزیر اعلیٰ کو سرکاری امور جلد نمٹانے کے حوالے سے مختلف تجاویز کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے فوٹو جرنلسٹ ہما چودھری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا –