خبرنامہ پنجاب

سالانہ ختم نبوت کانفرنس کل سے شروع، انتظامات مکمل

چنیوٹ۔25 اکتوبر(ملت + اے پی پی )سالانہ ختم نبوت کانفرنس چناب نگر کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں کم و بیش تین لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے۔ لاکھوں افراد کی قافلوں کی صورت میں شرکت سے کانفرنس ملک کی تاریخ میں منی رائے ونڈ اجتماع ثابت ہوگا۔ وسیع و عریض پنڈال کو خوبصورت شامیانوں، قناتوں اور رنگ برنگے بینروں سے سجا دیا گیا ہے۔ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا عزیز الرحمن جالندھری نے کانفرنس کے تمام تر انتظامات کا جائزہ لیا اور رضاکاروں کے لئے ہدایات جاری کیں۔ ملک بھر سے کارکنان ختم نبوت کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ کانفرنس کی صدارت امیر مرکزیہ ممتاز روحانی شخصیت مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر (کراچی)، مولانا حافظ پیر ناصر الدین خاکوانی اور صاحبزاہ خواجہ عزیز احمدکریں گے۔ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام27, 28؍ اکتوبر بروز جمعرات و جمعہ کو مسلم کالونی چناب نگر میں منعقدہ آل پاکستان سالانہ ختم نبوت کانفرنس نہایت ہی تزک و احتشام سے شروع ہوگی۔