لاہور:(اے پی پی)سانحہ گلشن اقبال پارک کے چھ روز بعد بھی پولیس کو دہشت گردی کے شواہد نہ مل سکے،مبینہ خودکش حملہ آور کا ریکارڈ نادرا میں بھی موجود نہیں ہے۔ سانحہ لاہور کی تحقیقات چھٹے روز بھی جاری ہیں،تاہم پولیس کو منصوبہ سازوں اور واقعے میں ملوث دہشت گردوں کے بارے میں کوئی ٹھوس شواہد نہیں مل سکے ہیں۔عینی شاہدین کی مدد سے دہشت گرد کا تیار کیا گیا ،خاکہ پولیس نے نادرا کو بھجوایا تھا،تاہم نادرا کے پاس بھی اس کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہے،پولیس نے جائے حادثہ سے تمام شواہد جمع کرکے مختلف ٹیمیں تشکیل دے رکھی ہیں،تاہم تفتیشی عمل میں کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔