لاہور:(آئی این پی)سانحہ گلشن اقبال پارک کے بعد ہر ادارے کو سیکیورٹی بہتر بنانے کی ہدایات جاری کردی گئیں لیکن سرکاری اسپتالوں کی سکیورٹی محکمہ صحت کی نگاہوں سے اوجھل ہے،شہر کے سب سے بڑے میو اسپتال کے چھ دروازوں پر سیکورٹی نہ ہونے کے برابر ہے۔سانحہ گلشن اقبال پارک کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تمام محکموں اور اداروں کو سیکیورٹی کے بہتر انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کیں ،محکمہ صحت نے بھی تمام سرکاری اسپتالوں کو احکامات جاری کیے لیکن ان پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر ہے۔لاہور کے سب سے بڑے میو اسپتال میں سکیورٹی انتظامات دیکھائی نہیں دیتے ،اسپتال کے چھ دروازوں پر کہیں ایک تو کہیں کوئی اہلکار ہی موجود نہیں۔نہ تو کوئی واک تھرو گیٹ اور نہ ہی باونڈری والز پر خاردار تاریں، ڈیپارٹمنٹس میں رش اتنا کہ کوئی کسی سے متعلق کچھ بتا ہی نہیں سکتا،مریضوں کے لواحقین کہتے ہیں داخلی دروازوں پر چیکنگ کے انتظامات بہتر کرکے جان ومال کا تحفظ کیا جائے۔ڈاکٹرز کہتے ہیں سیکیورٹی کے ناقص انتظامات کے باعث ہر لمحہ خوف کے سائے منڈلاتے ہیں۔