لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار تمام پولیس اہلکاروں کو ضمانت پر رہا کر دیا ہے۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی سماعت ہوئی اور اس موقع پر عدالت نے پولیس اہلکاروں کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے انسپکٹر عامر سلیم سمیت ایلیٹ فورس کے چاروں اہلکاروں کو فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دیدیا تاہم مقدمے کی سماعت عدالت میں جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ جون 2014 میں ماڈل ٹاؤن میں واقع منہاج القرآن کے مرکز کے باہر سے رکاوٹیں ہٹانے کے معاملے پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ ہو گئی تھی جس میں پولیس کی فائرنگ سے مہناج القرآن کے 14 کارکن جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔
سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ہونے والے واقعہ پر غفلت برتنے کے الزام میں انسپکٹر عامر سلیم سمیت 4 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کیا گیا تھا جس کے لئے انہوں نے 3 سال سے درخواست ضمانت درخواست دائر کر رکھی تھی۔