سانحہ ماڈل ٹاون کی رپورٹ منظرعام پر لانے کیلئے عوامی تحریک کا دھرنا
لاہور(ملت آن لائن)پاکستان عوامی تحریک نے سانحہ ماڈل ٹاون کی رپورٹ منظرعام پر لانے کے لئے پنجاب سول سیکریٹریٹ کے سامنے دھرنا دے دیا ہے۔
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ورثا نے رپورٹ کے حصول کے لیے درخواست ایڈیشنل ہوم سیکریٹری پنجاب کو جمع کرادی ہے۔ پنجاب سول سیکریٹریٹ کے سامنے پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے دھرنا دے دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ رپورٹ نہ ملنے تک دھرنا جاری رہے گا۔
دوسری جانب پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا معاملہ لاہور ہائی کورٹ کے فل بنچ میں زیر سماعت ہے ،اس لئے جوڈیشل رپورٹ منظر عام پر لانے سے متعلق سنگل بنچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
واضح رہے کہ جون 2014 میں لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں پیش آنےو الے واقعے میں پاکستان عوامی تحریک کے 14 کارکن جاں بحق ہوئے تھے ، 3 برس بعد گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے واقعے کی جوڈیشل رپورٹ منظر عام پر لانے کا حکم دیا تھا۔