خبرنامہ پنجاب

سانحہ گلشن اقبال پارک کے بعد پورے صوبائی دارالحکومت پر سوگ کی فضاء

لاہور(آئی این پی ) سانحہ گلشن اقبال پارک کے بعد پورے صوبائی دارالحکومت پر سوگ کی فضاء رہی‘ تمام بڑی و چھوٹی مارکیٹیں بند رہیں جبکہ کاروباری سرگرمیاں معطل رہنے کے باعث عوام کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے تین روزہ سوگ کے اعلان کے بعد تاجر برادری نے بھی مارکیٹیں بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ سانحہ گلشن اقبال پارک کے سوگ میں تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم کو سرنگوں رکھا گیا۔ دوسری جانب لاہور کی تمام بڑی مارکیٹیں جن میں ہال روڈ، مال روڈ، انارکلی، اچھرہ ، لبرٹی مارکیٹ، بیڈن روڈ شامل ہیں، بند رہیں گی جبکہ اندرون شہر میں بھی مارکیٹس کو بند رکھا جائے گا۔