خبرنامہ پنجاب

ساہیوال،انصاف نہ ملنے پر خاتون کی بچوں سمیت پریس کلب کے باہر خودکشی کی کوشش

ساہیوال۔29ستمبر(اے پی پی )چوری کے ملزمان کی طرف سے مدعیہ خاتون پر تشدد ‘ خاتون کی پریس کلب کے باہر اپنے دو کمسن بچوں کے ہمراہ تیل چھڑک کر خود کشی کی کوشش ‘ سٹی پولیس نے خاتون اور بچوں کو بچا لیا۔ تفصیلات کے مطابق 134/9-Lکی رہائشی خاتون فرح ادیبہ نے تھانہ غلہ منڈی میں اقبال وغیرہ 8ملزمان کے خلاف ایل سی ڈی ‘نقدی اور طلائی زیورات چوری کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کرایا۔متعلقہ پولیس نے نہ تو کوئی ملزم گرفتار کیا اور نہ ہی ان کے خلاف کارروائی کی ۔بعدازاں ملزمان نے خاتون پر تشدد کیا جب خاتون نے تھانہ غلہ منڈی سے شکایت کی تو پولیس نے خاتون کی داد رسی نہ کی جس پر خاتون نے احتجاجاً ساہیوال پر یس کلب کے باہر اپنے دو کمسن بچوں کے ہمراہ تیل چھڑک کر خود کشی کی کوشش کی ۔ سٹی پولیس نے بروقت مداخلت کرکے خاتون کو خود کشی کی کوشش سے بچالیا اور خاتون کو یقین دہانی کرائی کہ ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ خاتون کا کہناتھاکہ پولیس غلہ منڈی ملزمان کے ساتھ ساز باز ہے اور ملزمان کے خلاف کارروائی کرنے سے گریزاں ہے۔ خاتون نے ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیاہے۔