خبرنامہ پنجاب

ساہیوال اورپھالیہ میں ٹریفک حادثات ، سات افراد جاں بحق

ساہیوال: (اے پی پی) ساہیوال اور پھالیہ میں ٹریفک حادثات کے دوران سات افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے ، موت نے ایک ہی خاندان کے 5 افراد سے زندگی چھین لی ۔ المناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب بدقسمت خاندان خانیوال میں بیٹی کی منگنی کرکے واپس لاہور جا رہا تھا کہ جی ٹی روڈ پر کار اور ٹریلر میں تصادم ہو گیا ۔ ایکسیڈینٹ اس قدر خوفناک تھا کہ کار لوہے کے ڈھیر میں بدل گئی ۔ حادثے کے 3 زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے ۔ ادھر پھالیہ میں گجرات ، سرگودھا روڈ پر تیزرفتار ڈمپر ہوٹل میں جا گھسا جس سے بشیر اور ظفر اقبال جاں بحق اور ایک شخص شدید زخمی ہوگیا ۔ ڈمپر کی ٹکر سے بجلی کے پول ٹوٹ گئے اور پورا شہر تاریکی میں ڈوب گیا ، ڈمپر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا ۔