ساہیوال:(اے پی پی)سینٹرل جیل ساہیوال میں تہرے قتل کے دو مجرموں کے ڈیتھ وارنٹ جاری کر دیئے گئے،مجرمان غلام مصطفی اور فیض عرف فیضی کو تئیس فروری کی صبح تختہ دار پر لٹکایا جائے گا۔ساہیوال سنٹرل جیل انتظامیہ کو قتل کے دو مجرمان غلام مصطفی اور فیض عرف فیضی کے ڈیتھ وارنٹ موصول ہو گئے ہیں، مجرم غلام مصطفی نے پانچ سمتبر انیس سو بانوے کو چوری کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر ماں اور دو بیٹوں کو قتل کردیا تھا،جبکہ فیض عرف فیضی نے پولیس کو مخبری کرنے کی بنا پر بارہ مئی انیس سو بانوے کو برکت علی نامی شخص کو قتل کیا تھا۔صدر پاکستان نے بھی دوہزار پندرہ کو قتل کے دونوں مجرمان کی رحم کی اپیلیں مسترد کر دی تھیں،دونوں مجرموں کو تئیس فروری کی صبح تختہ دار پر لٹکایا جائے گا۔