خبرنامہ پنجاب

ساہیوال میں دھند کے باعث 5 افراد جاں بحق

ساہیوال:(ملت+اے پی پی) جی ٹی روڈ پر دھند کے باعث 12 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہو گئے۔ ساہیوال میں جی ٹی روڈ پر شدید دھند کے باعث 12 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، حادثے میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق جب کہ 15 زخمی ہوگئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں جب کہ امدادی کاموں کے لیے جی ٹی روڈ کے ایک ٹریک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے افراد میں سے 3 کا تعلق چیچہ وطنی جب کہ 2 کا تعلق ساہیوال سے ہے، زخمی افراد کو طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔