اسلام آباد:(اے پی پی) سرکاری حج سکیم کے تحت پہلے دو دنوں میں ایک لاکھ پانچ ہزار سے زائد حج درخواستیں جمع ہوئی ہیں، قرعہ اندازی 29اپریل کو وزارت مذہبی امور میں ہو گی۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق 18اور 19اپریل کوملک بھر سے 8قومی بینکوں کی نامزد شاخوں میں ایک لاکھ پانچ ہزار سے زائد حج درخواستیں جمع ہوئی ہیں۔ وزارت کے ذرائع نے توقع ظاہر کی ہے کہ رواں سال حج درخواستوں کی تعداد 3لاکھ سے تجاوز کر جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں درخواستوں کے جمع ہونے کی وجہ عوام کا وزارت مذہبی امور کی طرف سے کئے گئے حج انتظامات پر اعتماد کا اظہار ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت کی طرف سے رواں سال حج انتظامات کو مزید بہتربنا کر پاکستانی حاجیوں کو گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ 83ہزار سے زائد کامیاب درخواست گزاروں کا انتخاب وزارت مذہبی امورمیں کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے 29اپریل کو کیا جائے گا۔