خبرنامہ پنجاب

سرگودھا:مبینہ پولیس مقابلے میں 2ڈاکو ہلاک

سرگودھا:(اے پی پی)سرگودھا میں مبینہ پولیس مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک اور تین فرار ہوگئے،جبکہ حافظ آباد میں ڈکیتی مزاحمت پرفائرنگ سے ماں بیٹی زخمی ہوگئیں۔ سرگودھا میں تھانہ کوٹ مومن کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا،پولیس کے مطابق ڈاکو شہری سے موبائل اور نقدی چھین کر فرار ہو رہا تھا کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مقابلہ ہوگیا،ہلاک ڈاکو کی شناخت رئیس کے نام سے ہوئی ہے جبکہ ڈاکو پولیس کو اکیس مقدمات میں مطلوب تھا۔ دوسری جانب شیخوپورہ میں کالاخطائی روڈ پرمبینہ پولیس مقابلہ میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ تین فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے،پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کی لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ فرار ہونے والے ڈاکووں کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق ڈاکو قتل اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں ۔ ادھر حافظ آباد کے علاقے قادرآباد میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے ماں بیٹی زخمی ہوگئیں،جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا،جہاں دونوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ جبکہ ڈاکو ماں بیٹی سے نقدی اور زیورات چھین کر فرار ہوگئے۔