سرگودھا:(اے پی پی ) پولیس نے ایک گاڑی سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرکے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنادیا۔ سرگودھا کے علاقے پھلروان کے قریب پولیس نے مصدقہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے سڑک کی ناکہ بندی کررکھی تھی۔ گاڑیوں کے تلاشی کے دوران پولیس نے ایک گاڑی کے خفیہ خانوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولیاں برآمد کرلیں۔ پولیس نے گاڑی میں سوار دو ملزمان کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کردیں ہیں۔سرگودھا پولیس کا کہنا ہے کہ برآمد کئے گئے اسلحے میں 12 رپیٹر ، اور 40 بندوقوں کے علاوہ 20 ہزار سے زائد گولیاں شامل ہیں۔ یہ اسلحہ پشاور سے سرگودھا منتقل کیا جارہا تھا۔