خبرنامہ پنجاب

سری لنکن ٹیم پرحملےمیں ملوث دہشتگرد ہلاک

لاہور: (آئی این پی) انسداد دہشتگردی یونٹ کے مطابق 27 اگست کی رات تقریبا 11 بجے سی ٹی ڈی کی ٹیم اقبال ٹاؤن بم دھماکے میں ملوث دہشتگردوں کو لاہور کے علاقے لکھو ڈیر میں واقع ایک گھر کی نشاندہی کیلئے لے کر گئی تھی جہاں ان دہشتگردوں نے 2008ء میں دھماکے کی تیاری کی تھی۔ جب ٹیم دہشتگردوں کو لے کر رنگ روڈ پر پہنچی تو اچانک 7 سے 8 دہشتگردوں نے اپنے ساتھیوں کو بچانے کیلئے حملہ کر دیا۔ سی ٹی ڈی کی ٹیم نے بھی اپنے دفاع میں فائرنگ شروع کر دی۔ ان دہشتگردوں کی شناخت زبیر الیاس نائیک محمد، عبدالوہاب، ارشاد اور عتیق الرحمان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مقابلے میں مارے جانے والے دہشتگرد 2009ء میں سری لنکن ٹیم پر ہونے والے حملے میں بھی ملوث تھے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حملہ آور رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ جائے وقوع سے چار دہشتگردوں کی لاشیں ملیں جو حملہ آوروں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے تھے۔