خبرنامہ پنجاب

سزائے موت کے تین مجرمان تختہ دار کے حوالے

ملتان:(اے پی پی) قتل کے الزام میں سزائے موت پانے والے تین مجرمان کو بدھ کے روزتختہ دارکے حوالے کردیا گیا، آج ہی ایمنسٹی انٹرنیشنل نامی ادارے نے پاکستان کو چین اورایران کے بعد سزائے موت دینے والے ممالک میں تیسرا ملک قرار دیا ہے۔ سینئر جیل اہلکار چوہدری ارشد سعید آرائیں کے مطابق سزائے موت پانے والوں میں دو بھائی محمد عمران اور محمد لقمان شامل ہیں جنہوں نے 1996 میں اسلام آباد میں ایک شخص کو قتل کیا تھا جبکہ سزائے موت پانے والے ایک اور شہری راحیل احمد نے 1994 میں ایک شخص کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتارا تھا۔ پاکستان نے دسمبر 2014 میں آرمی پبلک اسکول پر طالبان حملے کے بعد دہشت گردوں کے صفایا کرنے کے لئے ایکشن پلان ترتیب دیا تھا، ای پی ایس حملے میں 145 افراد مارے گئے تھے جن میں سے زیادہ تر بچے تھے۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک میں چھ سال سے عائد سزائے موت پرپابندی اٹھالی گئی تھی اور آئین میں ترمیم کرکے ملٹری کورٹس کو دہشت گرد حملوں میں ملوث افراد پرمقدمہ چلانے کا اختیاردیا گیا تھا۔ پاکستان نے گزشتہ سال سزائے موت کے سزا یافتہ 326 مجرمان کو تختہ دار کےحوالے کیا تھا۔