اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) پی ڈبلیو ڈی کالونی میں سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ، مرنے والے بدقسمت افراد میں ماں اور بیٹی بھی شامل ہیں جبکہ اس زوردار دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن کو طبی امداد کیلئے ہسپتال داخل کروا دیا گیا ہے ۔ پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈ کی ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر معائنہ کیا اور ضروری شواہد اکٹھے کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے ۔ اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ دھماکے کی شدت کی وجہ سے اردگرد کے گھروں کو بھی نقصان پہنچا اور کئی گھروں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ، دھماکے کی آواز کے بعد قریبی گھروں کے لوگ خوفزدہ ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے ۔ ریسکیو اہلکاروں نے مرنے والوں کی میتوں کو مردہ خانے منتقل کر دیا جبکہ زخمی ہونے والے چاروں افراد کو تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا جہاں ان کا علاج جاری ہے ۔