لاہور: (ملت+اے پی پی) آتشزدگی کا واقعہ سوامی نگر مصری شاہ میں پیش آیا جہاں جاوید نامی شہری کے گھر میں گیس سلنڈر پھٹنے سے آگ بھڑک اٹھی۔ آگ نے پل بھر میں مکان کے بیشتر حصے کو لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کی زد میں آ کر 7 سالہ صباء، اسکی بہنیں 4 سالہ عیشاء اور 2 سالہ طیبہ بری طرح جھلس گئیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور انہوں نے تینوں بہنوں کو میو ہسپتال منتقل کر دیا جہاں صباء اور عیشاء کچھ ہی دیر بعد دم توڑ گئیں۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق، زیرعلاج دو سالہ طیبہ کی حالت بھی تشویشناک تھی۔ ڈاکٹروں نے بچی کے علاج کی کوششیں کیں مگر وہ کامیاب نہ ہو سکے اور چند گھنٹے زندگی اور موت کی کشمکش میں گزارنے کے بعد طیبہ بھی جان کی بازی ہار گئی۔ پولیس کی جانب سے حادثے کے نتیجے میں جان کی بازی ہارنے والی بچیوں کی میتیں قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہیں۔