خبرنامہ پنجاب

سمعیہ کیس: کمرہ چنبہ ہاؤس کے ملازم نے دلوایا

لاہور: (ملت+اے پی پی) 26 نومبر کو لاہور کے چنبہ ہاؤس میں پراسرار طور پر مردہ پائی جانے والی لیگی کارکن سمیعہ چودھری کی تفتیش اپنے منطقی انجام کی طرف بڑھنے لگی۔ جس کمرے میں سمیعہ مقیم تھی وہ اسے ایم این اے چودھری محمد اشرف نے نہیں بلکہ چنبہ ہاؤس کے ملازم سلامت نے اپنی ضمانت پر دلوایا تھا۔ گاڑی کا مالک بھی کوئی اشرف نامی شخص نکلا۔ دونوں افراد پولیس کی حراست میں ہیں جن سے تفتیش جاری ہے۔ متعلقہ پولیس نے کیس کی تفتیش کے لئے ایم این اے چودھری محمد اشرف کو بھی بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔ اس ضمن میں پولیس نے مذکورہ ایم این اے کو خط بھیج دیا ہے۔ چنبہ ہاؤس میں سمعیہ کی خدمت پر مامور ملازم زین العابدین کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ خاتون کے جسمانی نمونوں اور دیگر اشیاء کی فرانزک رپورٹ تاحال موصول نہیں ہو سکی۔ تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرانزک رپورٹ آنے پر حقیقت آشکار ہو جائے گی۔