خبرنامہ پنجاب

سموگ برقرار: شہری ناک، کان، گلے کے انفیکشن میں مبتلا

فضامیں کاربن ڈائی اکسائیڈ ،کاربن مونواکسائیڈ ،نائٹروجن اکسائیڈ اورمیتھن گیس کے ذرات کی مقدارزیادہ ہونے پراسموگ کی شکل اختیار کر گئی ، بارش نہ ہونے کی صورت میں مصنوعی بارش برساکرچھٹکارا پایا جا سکتا ہے،ماہرین
شہری دھند میں غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں ، اگر صفر ضروری ہو تو فوگ لائٹس کا استعمال کریں، ترجمان موٹروے
لاہور(آئی این پی )پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کا راج برقرار رہا جب کہ کئی مقامات پر حد نگاہ صفر ہونے کے باعث موٹر وے کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ۔ لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں چوتھے روز بھی اسموگ نے ڈیرہ ڈالے رکھے جس کے باعث شہری شدید اذیت کا شکار ہوگئے جبکہ حد نگاہ صفر ہونے پر لاہور سے سیال موڑ اور پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد موٹر وے سیکشن کئی گھنٹے بند رہا۔ لاہوراور اس کے مضافاتی علاقے چار روز سے مسلسل اسموگ کی لپیٹ میں ہیں جس کے باعث پروازیں اورٹرینیں تاخیر کا شکار ہوگئیں جبکہ موٹروے پرحد نگاہ صفرہونے پرلاہور سے سیال موڑاورپنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد سیکشن بھی کئی گھنٹے بندرہا۔ اس کے علاوہ نیشنل ہائی وے پرمانگا منڈی،پتوکی،اوکاڑہ،ساہیوال،خانیوال میں بھی حدنگاہ انتہائی کم ہونے پرٹریفک کی روانی سست روی کا شکاررہی۔ اسموگ کے باعث ملتان میں حد نگاہ چھ سو میٹر ہوگئی جس کے باعث تھل جیب ریلی تاخیر کا شکار ہوگئی ۔فیصل آباد میں بھی اسموگ کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا۔ چار روز سے ہونے والی زہریلی دھند کے باعث شہری ناک، کان اور گلے کے انفیکشن میں مبتلا ہوگئے ۔ماہرین کا کہناہے کہ فضامیں کاربن ڈائی اکسائیڈ ،کاربن مونواکسائیڈ ،نائٹروجن اکسائیڈ اورمیتھن گیس کے ذرات کی مقدارزیادہ ہونے پراسموگ کی شکل اختیار کر گئی ہے جس سے بارش نہ ہونے کی صورت میں مصنوعی بارش برساکرچھٹکارا پایا جا سکتا ہے۔ ترجمان موٹر وے کا کہنا ہے کہ شہری دھند میں غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں اور اگر صفر ضروری ہو تو فوگ لائٹس کا استعمال کریں، ہنگامی صورتحال پر ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔ ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ شہری دوران سفر تیز رفتاری، موبائل فون کا استعمال نہ کریں۔