راولپنڈی ۔(ملت آن لائن) سموگ سے بچاؤ کے لیے پنجاب بھر میں فصلوں کی باقیات اور کوڑے کو آگ لگانے پر پابندی لگا دی گئی ۔زرعی ترجمان نوید عصمت نے ملت کو بتایاکہ کہ فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے کی وجہ سے کئی قسم کے منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں جن کی بہت سی وجوہات میں ہم آہنگ زرعی مشینری کی کمی، مزدوروں کی کم دستیابی اور اجرت میں اضافہ سمیت اگلی فصل جلدی کاشت کرنے جیسے عوامل شامل ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے کا عمل دھان کی کاشت کے علاقوں میں زیادہ عام ہے کیونکہ اگلی فصل کی کاشت کیلئے زمین کی تیاری کرنے میں جلدی ہوتی ہے۔ مڈھوں اور پرالی وغیرہ کو آگ لگانے سے فضا میں آلودگی کی وجہ سے سموگ پیدا ہوتی ہے۔ملت کو دستیاب معلومات کے مطابق صوبہ پنجاب میں گذشتہ برس بھی موسم سرما میں فضا میں بدترین سموگ چھائی رہی جس سے متعدد جان لیوا ٹریفک حادثات بھی رونماء ہوئے تھے ۔ ترجمان نے کہا کہ سموگ کی وجہ سے حد نگاہ میں کمی کی وجہ سے روز مرہ کی زندگی پر منفی اثرات مرتب ہوئے اور مختلف قسم کے صحت کے مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑا۔اس صورت حال کے پیش نظر محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے تحت فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے پرفوری پابندی عائد کردی ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ فصلوں کی باقیات کے علاوہ ٹھوس میونسپل کچرا، ٹائرز، پلاسٹک، پولیتھین بیگز، ربڑ اور چمڑے کی اشیاء جلانے پر بھی پابندی ہوگی۔ دفعہ 144 کے تحت لگائی گئی پابندی کا اطلاق صوبہ بھر میں 16دسمبر 2018 تک رہے گا۔