قصور۔(ملت آن لائن) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو چودھری محمد ارشد کے زیر صدارت ڈسٹرکٹ سموگ کنٹرول کمیٹی کا اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا، جس میں تمام اسسٹنٹ کمشنر ز‘اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات ‘چیف آفیسر ضلع کونسل و میونسپل کمیٹیز ‘محکمہ ہیلتھ ‘پولیس ‘پی ایچ اے اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی ، اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات قصور یونس زاہد نے بتایا کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی سموگ کا خطرہ موجود ہے جس کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے ، انہوں نے بتایا کہ سموگ دراصل فضائی آلودگی کا نام ہے جو نہ صرف کاروبار زندگی کو معطل کر دیتی ہے بلکہ مختلف بیماریوں کا باعث بھی بنتی ہے یہاں تک کہ فصلیں اور جانور بھی اس آلودگی سے بری طرح متاثر ہوتے ہیں ، سموگ سے بچاؤ کیلئے سموگ پیدا کرنے والے عوامل کو روکنا ‘بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنا اور سموگ سے متعلق عوام میں آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ،انہوں نے بتایا کہ اس مصیبت سے نجات کیلئے حکومت فیکٹریوں اور بھٹوں میں غیر معیاری آیندھن پر پابندی لگا رہی ہے اسی طرح فصلوں کی باقیات اور کوڑے کرکٹ کو آگ لگانے پر بھی مکمل پابندی ہوگی ، محکمہ ماحولیات نے ضلعی انتظامیہ کیساتھ ملکر خلاف ورزی کرنیوالوں کو پکڑنے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو ماحولیاتی ایکٹ کے تحت کارورائی کر رہی ہیں ،اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو چوہدری محمد ارشد نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں سموگ سے بچاؤ کیلئے کوئلے وغیرہ سے چلائے جانیوالے پرانے ڈیزائن کے بھٹوں کو 20 اکتوبرتا31دسمبر تک بند رکھا جائیگا،صرف اور صرف زِگ زیگ ٹیکنالوجی استعمال کرنے والے بھٹوں کو کام جاری رکھنے کی اجازت ہوگی ، انہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ محکمے سموگ کے حوالے سے دی جانیوالی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کروائیں ، عوام کو سموگ سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر بارے آگاہ کریں اور حکومتی ہدایات پر عمل نہ کرنیوالے بھٹہ مالکان کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں، انہوں نے تحصیل کی سطح پر اسسٹنٹ کمشنر کی زیر نگرانی تحصیل سموگ کنٹرول کمیٹیاں بنانے کا بھی حکم دیا ۔