خبرنامہ پنجاب

سمیرا ملک نااہلی کیس کی سماعت ملتوی

اسلام آباد(آئی این پی )سپریم کورٹ نے سمیرا ملک نااہلی کیخلاف نظرثانی کیس کی کارروائی ، سابق اراکین قومی اسمبلی کی تاحیات نااہلی سے متعلق لارجر بینچ کا فیصلہ آنے تک ملتوی کر دی ہے ۔ جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سمیرا ملک نااہلی کیس کی سماعت کی ۔ سابق رکن قومی اسمبلی کے وکیل مبین الدین قاضی نے بتایا کہ سپریم کورٹ کا پانچ رکنی لارجر بینچ نا اہل ہونے والے اراکین اسمبلی کی اہلیت سے متعلق کیس سن رہا ہے ۔ لارجر بینچ کا فیصلہ آنے تک سمیرا ملک کی نا اہلی کیخلاف نظرثانی کیس کی کارروائی ملتوی کی جائے ۔ عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے لارجر بینچ کا فیصلہ آنے تک سماعت ملتوی کر دی ۔