خبرنامہ پنجاب

سولر بجلی ٹیرف؛عوام کی جیب پرڈاکہ:سرور

لاہور(آئی این پی) سابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے سولر پاور پلانٹس کے ٹیرف میں25سال کیلئے غیر قانونی اضافے کو عوام کی جیب پر100ارب روپے کا ’’ڈاکہ ‘‘قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ من پسند لوگوں کو نوازنے کیلئے سولر بجلی کی قیمت میں اضافہ جرم ہے نیب اور چیف جسٹس آف پاکستان معاملے کا نوٹس لیں اور سولر پاور پلانٹس کے ٹیرف میں غیرقانونی اضافہ کر نیوالوں کو نشانہ عبر ت بنانا ہوگا ‘حکمران اور دیگر ادارے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہیں مگر انکو کوئی پوچھنے والا نہیں اور ملک دیوالیہ ہو رہا ہے ۔ جمعہ کے روز اپنے دفتر میں کارکنوں کے وفود اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ (ن) لیگ کی حکومت نے اقتدار میں آتے ہی پاور کمپنیوں کو جو500ارب دیا اسکی تحقیقات نہ ہونے کی وجہ سے حکومت اور پاور کمپنیوں کے حوصلے بڑھے ہیں اور اب سولر پاور پلانٹس کیلئے نیپرا کا غیر قانونی طور پر ٹیرف میں اضافہ قوم کے ساتھ ظلم ہے کیونکہ پاکستان کے عوام کو25سال تک اس اضافے کا بوجھ برداشت کر نا پڑ یگا اور سولر کمپنیوں نے قوم کی جیب پر100ارب روپے کا ڈاکہ مارا ہے جس میں حکومت بھی برابر کی شر یک ہے جسکی کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کو نشان عبر ت بنانا ضرور ی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحر یک انصاف کے چےئر مین عمران خان بڑے واضح انداز میں یہ کہہ چکے ہیں کہ تحر یک انصاف کر پشن کے خاتمے اور ذمہ داروں کو سزائیں دلانے کے مطالبہ سے کسی صورت پیچھے ہٹی ہے اور نہ ہٹے گی اور اگر حکمرانوں نے اپنی کر پشن اور کر پشن کرنیوالوں کو بچانے کی کوشش کیں تو تحر یک انصاف کسی صورت خاموش نہیں رہیگی بلکہ ہم ہر صورت سڑکوں پر آئیں گے ۔