خبرنامہ پنجاب

سپریم کورٹ بارکے سالانہ انتخابات برائے 2015۔17 کل ہوں گے

لاہور(ملتت + آئی این پی) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات برائے 2015۔17 کل (سوموار) کو ہوں گے‘ الیکشن کمشن نے امیدواروں کے ناموں کی حتمی فہرست جاری کر دی۔ صدر کا انتخاب صوبہ سندھ سے کیا جائے گا۔ انڈیپنڈنٹ گروپ کی طرف سے سابق چیئرمین سینیٹ فاروق ایچ نائیک ایڈووکیٹ اور پروفیشنل گروپ کے جسٹس ریٹائرڈ رشید اے رضوی ایڈووکیٹ کے مابین صدارت کی سیٹ کیلئے سخت مقابلہ ہو گا۔ پنجاب میں نائب صدر کی نشست پر بختیار علی شاہ ایڈووکیٹ اور محمد طارق ملک، سندھ سے غلام شبیر شیر، محمد سہیل حیات اور شکیل احمد، بلوچستان سے جعفر رضا خان جدون، خیبر پختونخوا سے محمد اجمل خان، حبیب قریشی اور مس تہمینہ کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ سیکرٹری کی نشست پر آفتاب احمد باجوہ اور صفدر حسین تارڑ، ایڈیشنل سیکرٹری کی نشست پر چودھری محمد اسلم گھمن اور راجہ غضنفر جبکہ فنانس سیکرٹری کی نشست پر ارشد زمان کیانی، غلام محمد چودھری اور محمود احمد کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ ایگزیکٹو کمیٹی کیلئے بلوچستان سے 4، کے پی کے سے 4، پنجاب سے 13 اور سندھ سے 6 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ الیکشن بورڈ کے چیئرمین اور ریٹرننگ آفیسر جسٹس ریٹائرڈ افراسیاب خان نے کہا کہ مجموعی طور پر ملک بھر میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے دو ہزار نو سو اکیاون رجسٹرڈ ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ملک بھر میں کل 10 پولنگ سٹیشنز قائم کئے جاتے تھے تاہم رواں سال پاکستان بار کونسل کے سابق ممبر ثنا اللہ خان گنڈاپور کی درخواست پر ڈیرہ غازی خان میں بھی ایک اضافی پولنگ سٹیشن قائم کر دیا گیا ہے جہاں ڈیرہ غازی خان، ٹانک، میانوالی، لکی مروت اور میانوالی اور قریبی شہروں سے تعلق رکھنے والے وکلا اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔