خبرنامہ پنجاب

سپریم کورٹ میں پنجاب پولیس کی منشیات فروش کی ضمانت کی منسوخی کیلئے دائر درخواست پر سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی

لاہور (ملت + آئی این پی) سپریم کورٹ نے پنجاب پولیس کی طرف سے منشیات فروش کی ضمانت کی منسوخی کیلئے دائر درخواست پر سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی ۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں جسٹس عمر عطاء بندیال اور جسٹس منظور احمد ملک پر مشتمل بنچ نے پولیس کی طرف سے سرگودھا کے منشیات فروش عبد الحق کی ضمانت کی منسوخی کیلئے دائر درخوست کی سماعت کی ۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا بھی عدالت میں پیش ہوئے ۔ سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ کس قانون کے تحت تمام منشیات کو لیبارٹری کو بھجوایا جاتا ہے ۔جس پر آئی جی نے آگاہ کیا کہ اعتراضاٹ کے باعث منشیات لیبارٹریز بھجواتے تھے ۔ منشیات کی مقدار سے متعلق کوئی واضح قانون بھی نہیں۔ تاہم اب منشیات کی مقدار سے متعلق ترمیمی مراسلہ جاری کر دیا ہے اورپکڑی گئی منشیات کا پانچ فیصد فرانزک سائنس لیبارٹری کو بھجوایا جائے گا۔فاضل بنچ نے مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلاء کو حتمی بحث کے لئے طلب کر لیا۔