خبرنامہ پنجاب

سکیورٹی گارڈ ہلاکت کیس

اسلام آباد: (آئی این پی) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سیکورٹی گارڈ ہلاکت کیس میں ضمانتی مچلکے جمع نہ کرانے پر مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر اور ان کے ڈرائیور کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ۔ اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ ہمایوں دلاور نے سیکورٹی گارڈ کی ہلاکت سے متعلق کیس کی سماعت کی ۔ ملزمان پر آج فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر تھی ۔ گزشتہ سماعت پر عدالت نے شیخ روحیل اصغر اور ان کے ڈرائیور کی دو لاکھ روپے کے عوض ضمانت منظور کی تاہم ضمانتی مچلکے داخل نہ کرائے جانے پر دونوں ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ۔ ملزمان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ضمانتی مچلکے نقد جمع کرانے ہیں ابھی بینک سے رقم نکلوانی ہے وقت دیا جائے ۔ عدالت کا کہنا ہے کہ ضمانتی مچلکوں کے لئے پہلے رقم کیوں نہیں نکلوائی گئی ۔ مقدمے کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی گئی ۔