سیاست آج سرمایہ داروں کے قبضے میں ہے، بلاول بھٹو
ساہیوال(ملت آن لائن) پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیاست آج سرمایہ داروں کے قبضے میں ہے اور نام نہاد تبدیلی کا جھانسا دینے والے جھوٹے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا ساہیوال میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نا اہل حکمرانوں نے عوام کو قدم قدم پر دھوکا دیا ہے اور ان کی سیاست اپنے کاروبار بڑھانے کی سیاست ہے۔
انہوں نے کہا کہ آمروں کی اولاد جمہوری لبادہ اوڑھ کر عوام کا خون چوس رہی ہے جب کہ مہنگائی یہاں تک پہنچ گئی کہ پیاز ،ٹماٹر کی قیمت آسمان تک پہنچ گئی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سیاست آج سرمایہ داروں کے قبضے میں ہے اور نام نہاد تبدیلی کا جھانسا دینےوالے جھوٹے ہیں۔
چیرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ روزگاردیناریاست کاحق ہے لہذا یقین دلاتاہوں آپ کو روزگار مہیا کروں گا چاہے ترقیاتی پروگراموں میں کمی کرناپڑے مگر ہم آپ کو روزگار دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں کا ایک بڑا مسئلہ ساہیوال کول پاور پراجیکٹ بھی ہے کیوں کہ پنجاب کےکمیشن خور حکمرانوں نے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے نام پر مہنگا منصوبہ بنایا۔
ان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں آج بھی کسانوں کے حقوق کو سلب کیاجا رہا ہے اور اب بھی اوکاڑہ فارم کے مزارعین کا استحصال بھی جا ری ہے ، پیپلز پارٹی نے اوکاڑہ فارم کے مزارعین کا ہمیشہ ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے اقتدار میں آنے پر آپ سے وعدہ ہے کہ کسان اورمزدور دوست منشور ہوگا اور 30 ایکڑ سے کم زمین کے مالک کو کسان کارڈ دیا جائےگا جب کہ اس کے ساتھ ہی فصل اترنے سے پہلے امدادی قیمت کا اعلان کیا جائےگا۔