خبرنامہ پنجاب

سیالکوٹ: اونچے درجے کا سیلاب

سیالکوٹ (آئی این پی) سیالکوٹ میں نالہ ایک میں اونچے درجے کا سیلاب ہے ، بند ٹوٹنے سے سیلابی ریلہ شہری علاقوں میں داخل ہو گیا ، چٹی شیخاں کے مقام پر نالہ پلکھو میں بھی طغیانی ہے ۔ متاثرین کیلئے بنایا جانے والا فلڈ ریلیف کیمپ بھی سیلابی پانی سے بھر گیا ۔ چٹی شیخاں کے مقام پر نالہ پلکھو بھی طغیانی کی ذد میں ہے ۔ ٹھاٹھیں مارتا سیلابی ریلا جہاں جہاں سے گزرا ہر چیز ساتھ بہا لے گیا ۔ کئی مقامات پر سیلابی پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا ۔ نیکا پورہ ، نظام پورہ ، ،پسرور روڈ ، میانی گوپالپور، جودھے والی، رائے پور اور سیدانوالی سمیت متعدد دیہات زیر آب آ چکے ہیں ۔ انتظامیہ کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے بنائے گئے فلڈ ریلیف کیمپ میں بھی سیلابی پانی داخل ہو گیا ہے ۔ متاثرین کا کوئی پرسان حال نہیں ،امدادی بینرز تو آویزاں ہیں ۔ تاہم ضلعی انتظامیہ کا دور دور تک کوئی نام و نشان نہیں ۔