خبرنامہ پنجاب

سیالکوٹ فوجی چھاؤنی پر حملے میں ملوث دہشتگرد کو تختہ دار پر لٹکادیا گیا

راولپنڈی /سیالکوٹ (آئی این پی ) سیالکوٹ میں فوجی چھاؤنی پر حملے اور پانچ فوجیوں کو شہید کرنے میں ملوث دہشت گرد کو اڈیالہ جیل میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا،مجرم کی لاش کو تصدیق کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق راولپنڈی میں فوجی عدالت سے سزائے موت پانے والے مجرم سعیدخان جمعہ کی صبح اڈیالہ جیل میں پھانسی دے دی گئی ۔مجرم سعید خان کو دو سال قبل سیالکوٹ میں فوجی چھاؤنی حملہ کیس میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ نے بھی سعید خان کی اپیلیں مسترد کردی تھیں۔ صدر پاکستان نے بھی مجرم سعید خان کی رحم کی اپیل مسترد کی تھی ۔ واضح رہے کہ مجرم سعید خان نے سیالکوٹ میں فوجی چھاؤنی پر گرینیڈ حملہ کیا تھا جس میں 5 اہلکار شہید ہو گئے تھے ۔