خبرنامہ پنجاب

سیکورٹی ادارےاورپوری قوم دہشت گردی کےخلاف جنگ لڑرہی ہے،راناثناءاللہ

اسلام آباد:(اے پی پی) صوبہ پنجاب کے وزیر قانون رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ حکومت،قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے جس میں ہمیں اہم کامیابیاں بھی حاصل ہوئی ہیں. صوبائی وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج نے آپریشن ضرب عضب کے ذریعے ملک سے دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کا کام شروع کردیا اور اس سلسلے میں شمالی اور جنوبی وزیرستان سے دہشت گردوں کا صفایا کیا جا چکا ہے. انہوں نے کوئٹہ میں وکلاء پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لازوال قربانیاں دی ہیں. صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ کا کہنا تھاکہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اور فرانس اور دیگر ممالک میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات سب کے سامنے ہیں. رانا ثنااللہ نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت ملک سے دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے اہم اقدامات کر رہی ہے اوراسی وجہ سے دہشت گردی کے واقعات میں مجموعی طور پر کمی واقع ہوئی ہے. انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب بھر میں کیے جانے والے مختلف آپریشنز میں اب تک 200 کے لگ بھگ ملزمان گرفتار بھی کیے جا چکے ہیں.