خبرنامہ پنجاب

سی ٹی ڈی نے انتہائی مطلوب خطرناک دہشتگردوں کی ریڈ بک جاری کردی

لاہور (ملت + آئی این پی) کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے انتہائی مطلوب خطرناک دہشت گردوں کی ریڈ بک جاری کردی گئی ‘ دہشتگردوں کے سروں کی قیمت ایک کروڑ روپے تک رکھی گئی ہے جس میں سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو، سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف اورپنجاب کے وزیر داخلہ شجاع خانزادہ پر حملے میں ملوث دہشتگرد بھی شامل ہیں۔خفیہ اداروں اور قانون نافذ کرنے والوں کی جانب سے انتہائی خطرناک مطلوب دہشت گردوں کی کتاب ریڈ بک 2017ء جاری کردی گئی ہیجس میں شامل دہشت گرد اہم شخصیات پر ٹارگٹڈ حملوں میں ملوث ہیں۔ ریڈ بک میں شامل کیے گئے دہشت گردوں کو زندہ یا مردہ صورت میں پکڑنے کی انعامی رقم 20لاکھ روپے سے 1کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے۔دہشتگردوں میں بے نظیر بھٹو پر خودکش حملے میں ملوث بیت اللہ محسود گروپ کے دہشت گرد اکرام اللہ کے سر کی قیمت بیس لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے، شجاع خانزادہ پرخودکش حملے میں ملوث تین دہشتگردوں محمد نیاز، حافظ محمد سہیل اور ظہیر احمد کے سروں کی کل قیمت 75لاکھ رکھی گئی ہے۔سابق صدر پرویز مشرف پر حملے میں ملوث دہشت گرد مطیع الرحمان کی قیمت سب سے زیادہ ایک کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے۔