لاہور: (ملت+آئی این پی) شیخوپورہ میں پولیس کے انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی کارروائی کے دوران 6 مبینہ دہشت گرد مارے گئے ۔ پولیس کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی نے پہلے سے گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر شیخوپورہ بائی پاس کے قریب چھاپہ مارا تھا۔جہاں ملزمان نے پولیس ٹیم کو دیکھ کر ان پر فائرنگ کردی تاہم پولیس کی جوابی کارروائی میں 6 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے دعویٰ کیا کہ ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گردوں سے دستی بم، بارودی مواد، اسلحہ اور حساس مقامات کے نقشے برآمد ہوئے ۔ پنجاب پولیس کے محکمہ سی ٹی ڈی کے ساتھ مقابلے میں ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا گیا ۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق لاہور کے گلشن اقبال پارک میں ہونے والے بم دھماکے میں ملوث دو گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر کارروائی عمل میں لائی گئی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گرد گلشن اقبال پارک بم دھماکے میں بھی ملوث تھے۔لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے بعد مردہ خانے منتقل کردیا گیا۔یاد رہے کہ 28 مارچ 2016 کو لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں پارک میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں کم سے کم 72 افراد ہلاک اور 250 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔