خبرنامہ پنجاب

سی ڈی اےآفیسرکی گاڑی نےریڈ زون میں ادھم مچا دیا

اسلام آباد: (آئی این پی) پولیس کے مطابق پیر کی دوپہر ایک سفید رنگ کی کار پاک سیکرٹریٹ سے آئی۔ ناکے پر موجود اہلکاروں نے رکنے کا اشارہ کیا تو ڈرائیور نے گاڑی بھگا لی۔ وائرلیس پر اطلاع ملنے پر ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے پاک سیکریٹریٹ کا گیٹ بند کر دیا۔ ڈرائیور نے رکنے کے بجائے گاڑی گیٹ سے جا ٹکرائی جس سے گیٹ کو نقصان پہنچا اور ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکار منصور شاہ شدید زخمی ہو گیا۔ تیز رفتار گاڑی نے ایوان صدر کا شمالی گیٹ اور کیبنٹ ڈویژن کے گیٹ کو بھی نقصان پہنچایا اور پھر بیریئرز سے ٹکرا کر کچھ گز دور جا کر رک گئی۔ پولیس نے گاڑی کے ڈرائیور مشتاق بلوچ کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ملزم مشتاق بلوچ سی ڈی اے میں ڈائریکٹر بیالوجی اینڈ ہیڈیالوجی کےعہدے پر فائز ہے۔ ملزم کا کہنا ہے کہ اس کی گاڑی کی بریکس فیل ہو گئی تھیں۔ پولیس کے مطابق ملزم مشتاق بلوچ نے انیس سو اٹھانوے میں بھی وزیراعظم ہاؤس کا گیٹ توڑ چکا ہے جس پر اسے گرفتار بھی کیا گیا تھا۔ ملزم کا سابقہ ریکارڈ حاصل کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔