خبرنامہ پنجاب

سی ڈی اےملازمین کی دوسرےروز بھی علامتی ہڑتال

اسلام آباد:(اے پی پی) سی ڈی اے ملازمین کی علامتی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری رہی ،ڈی جی سروسز میں واٹر سپلائی ،روڈ مینٹی نینس ،آڈٹ اکاؤنٹس ،سینی ٹیشن ،سپورٹس اینڈ کلچر و دیگر شعبوں کے ہزاروں ملازمین نے جمع ہو کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین،صدر اورنگزیب خان ،چیئرمین راجہ شاکر زمان کیانی ،سپریم ہیڈ صوفی محمود علی ،حاجی مشتاق احمد شاہد ،احمد علی شیرازی ،وارث بھٹی ،عزت خان ،لالہ فرمان ،سردار نسیم ،سردار خان نیازی ،چوہدری خالد گجر ،نعمان کیانی ،راجہ جاوید اقبا ل انجم ،چوہدری قیصر محمود گجر ، سید امیر شاہ کاظمی و دیگر مقررین نے خطاب کیا ۔اس موقع پر کیپیٹل ہسپتال کے عہدیداران شبیر تنولی اور عبدالستار بروہی نے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاج میں شرکت کی۔ اس موقع پر تقریب کے شرکاء نے وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔ چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ میں نے اپنے دوستوں کی مشاورت سے یہ فیصلہ کیا ہے کہ 6جون کو راولپنڈی /اسلام آباد کی دیگر ٹریڈ یونینز کے قائدین کے ہمراہ سی ڈی اے کے ہزاروں محنت کش اپنے حقوق اور ادارے کی بقاء کی خاطر پر امن احتجاجی مظاہرہ کریں گے ،ہم سڑکوں پر نہیں آنا چاہتے تھے کیونکہ ہم ووٹ کی طاقت سے منتخب ہو ئے ہیں اور ہر اس شخص کا احترام کرتے ہیں جو عوام کے ووٹوں سے آیا ہے یہی وجہ ہے کہ ہم نے مسلسل یہ موقف اختیار کیا کہ سی ڈی اے کے بعض شعبوں کی علیحدگی کی بجائے سی ڈی اے کے بااختیار بورڈ میں نہ صرف منتخب نمائندوں کو کنٹونمنٹ بورڈ کی طرز پر نمائندگی دی جائے بلکہ اگر ضرورت محسوس ہو تو میئر کو چیئرمین سی ڈی اے کے اختیارات بھی منتقل کر دیے جائیں لیکن ہماری تجویز کو کسی سطح پر بھی پذیرائی نہ مل سکی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم صرف اپنے حقوق و مراعات کا تحفظ اور ادارے کی بقاء چاہتے ہیں ہماری کسی سے سیاسی مخالفت ہے نہ ہم کسی سیاسی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں ،ہم تمام سیاسی جماعتوں کا احترام کرتے ہیں اس موقع پر تقریب کے شرکاء نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی صحت یابی کے لیے دعا بھی گئی اور پر امن طور پر منتشر ہو گئے ۔