ملتان: (ملت+اے پی پی) عید گاہ کے قریب معروف شادی ہال میں ڈاکٹر کاشان کے ولیمے کی تقریب تھی۔ جس میں 400 مہمانوں کیلئے انتظامات کیے گئے تھے تاہم شادی ہال انتظامیہ کے مطابق ولیمے کی تقریب میں 120 مہمان زائد آگئے۔ دولہے والوں کا کہنا تھا کہ ہال انتظامیہ نے مہمان زائد آنے کا کہہ کر مہمانوں کو ہال میں بند کر کے تالے لگا دیئے۔ دولہے والوں نے پولیس کو بلا لیا اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر یرغمال مہمانوں کو تالا کھلوا کر چھڑایا۔ پولیس نے دولہے والوں اور انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کرائے۔ دولہے والوں نے 1 لاکھ 60 ہزار روپے اضافی دے کر ہال انتظامیہ سے جان چھڑائی۔ ایس ایچ او کوتوالی کا کہنا ہے کہ ولیمے کے مہمانوں کو تالا لگا کر ہال میں بند کیا گیا جس پر درخواست ملنے کے بعد قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی۔