خبرنامہ پنجاب

شدید گرمی کےبعدملک کےمختلف علاقوں میں بارش

لاہور:(آئی این پی) موسم بدلا ، رُت ہی بدل گئی ، اسلام آباد ، سیالکوٹ سمیت مختلف شہروں میں برستی بارش سے کئی دونوں سے جاری گرمی کا زور ٹوٹ گیا ، مرجھائے چہرے کھل اٹھے ، لاہور میں کالی گھٹاؤں کے ساتھ تیز ہواؤں نے موسم کو رومینٹک بنا دیا ، ہرسو خوشی کے رنگ بکھر گئے ۔ کالی گھٹائیں چھاگئیں ، میگھا بھی برس گیا موسم کی تبدیلی نے ہر چہرے کو کھلا دیا ۔ بارش کا پہلا قطرہ زمین پر پڑتے ہی ہر سو خوشی کے رنگ بکھر گئے اور کئی دنوں سے جاری گرمی کا زور ٹوٹ گیا ۔ اسلام آباد میں بارش سے رُت ہی بدل گئی بادل پہلے گرجے اور پھر برسے جس نے شہر اقتدار کے موسم کو سہانا بنا دیا ۔ ڈالی ڈالی بوٹا بوٹامہک گئے شہری بھی خوشی جھوم اٹھے ۔ لاہور میں بھی کالی گھٹاؤں نے موسم کو رومانوی بنا دیا ۔ تیز ہواؤں سے گرمی کا احساس کم ہوگیا ۔ لوگوں نے سہانا موسم ہونے پر شکر ادا کیا ۔ آزاد کشمیر میں بھی بارش سے موسم حسین ہوگیا ۔ وادی شہزادی کا منظر پیش کرنے لگی ۔ مری ، سیالکوٹ، گجرات اور ملحقہ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس سے کئی روز سے جاری گرمی کا زور ٹوٹ گیا ۔ موسم کی خبر دینے والوں نے سندھ کے میدانی علاقوں میں رہنے والوں کیلئے بھی اچھی خبر دی کہ آج تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ سکھر اور لاڑکانہ میں بھی گرد آلود ہوائیں چلیں گی اور ہلکی بارش بھی متوقع ہے ۔