شوکت خانم اسپتال کو بجھوائے گئے نوٹسز کے خلاف حکومت سے جواب طلب
لاہور:(ملت آن لائن) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ہائیکورٹ نے شوکت خانم اسپتال کو ٹیکس کی وصولی کے لیے بجھوائے گئے نوٹسز کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے جواب طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے ہسپتال کے سی ای او ڈاکٹر فیصل سلطان کی درخواست پر سماعت کی جس میں شوکت خانم اسپتال کو ٹیکس کی وصولی کے نوٹسز کو چیلنج کیا گیا ہے۔ شوکت خانم اسپتال کے وکیل نے کہا کہ شوکت خانم ایک ٹرسٹ کے تحت چلایا جارہا ہے اور اس میں کوئی منافع نہیں کمایا جاتا۔ درخواست میں کہا گیا کہ قانون کے مطابق ٹرسٹ کے تحت چلنے والے ادارے کو ٹیکس ادائیگی سے استثنیٰ حاصل ہے مگر قانونی رعایت اور ٹیکس استثنیٰ کے باوجود ایف بی آر نے سیاسی بنیادوں پر اسپتال کو ٹیکس نوٹس بھجوا دیے ہیں جن کا کوئی قانونی جواز نہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ شوکت خانم اسپتال کو بھجوائے گئے ٹیکس نوٹسز کو کالعدم قرار دیا جائے۔ درخواست پر مزید کارروائی 29 جنوری کو ہوگی۔