لاہور(اے پی پی) سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر مرحوم کے بیٹے شہباز تاثیر چار سال 6 ماہ اور 12 دن (1652 دن) بعد بحفاظت گھر واپس لوٹ آئے۔ وہ اپنے والد کے اپنے ہی محافظ ممتاز قادری کے ہاتھوں 4 جنوری 2011 کو اسلام آباد میں قتل کے7 ماہ 22 دن بعد گلبرگ لاہور میں اپنے دفتر سے اغواء کرلئے گئے تھے۔ شہباز اپنے والد سلمان تاثیر کے قاتل ممتاز قادری کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں گزشتہ 29 فروری کو پھانسی دیئے جانے کے بعد اب آزاد ہیں۔ 25 ستمبر 2014 کوشہباز تاثیر کی ماہر نفسیات اہلیہ ماہین غنی تاثیر نے یہ دکھ بھرا ٹوئٹ کیا کہ ’’162 ہفتوں سے ہر جمعہ کو ایک ہی درخواست کرتی ہوں کہ اپنے شوہر کی بحفاظت واپسی کیلئے دعائوں میں شامل ہوجائیں اور اللہ دعا ضرور سنے گا۔‘‘ 26 اگست 2013 کو نیوزویک کے لئے ایک مضمون میں بھی ماہین نے تحریر کیا کہ 5 عیدیں، دو شادی کی سالگرہ اور چار سالگرہ گزر گئیں۔ دوستوں کی شادیاں اور بچے ہوگئے، اطراف میں دنیا بدل گئی لیکن میرے اپنے لئے کچھ نہ بدلا۔ وہ دو سال قبل دروازے سے گزر کرگئے اور میں وہیں بیٹھی ہوں جہاں وہ چھوڑ گئے تھے۔ اس امید میں کہ دروازہ دوبارہ کھلے گا۔ شہباز اور ماہین کی شادی 2010 میں ہوئی تھی، جس میں اس وقت کے صدر آصف علی زرداری نے بھی شرکت کی۔ توقع ہے کہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کا مغوی بیٹا علی حیدر بھی کسی وقت گھر لوٹ آئے گا۔ انہیں 9 مئی 2013 کو ملتان میں انتخابی ریلی سے مسلح افراد نے اغواء کیا تھا۔شہباز تاثیر جو ممتاز قادری کے مقدمے میں گواہ تھے۔ انہیں خود کو خوش قسمت سمجھنا چاہیے کیونکہ گزشتہ 50 سال کے دوران دنیا میں جو معروف اور ممتاز شخصیات اغواء ہوئیں ان میں سے اکثر کو قتل کردیا گیا۔ اٹلی کے سابق وزیر اعظم آلڈورو میو مورو کو کمیونسٹ تنظیم ریڈ بریگیڈ نے اغواء کرکے 55 دن بعد 16 مارچ 1978 کو قتل کردیا تھا۔ اٹلی میں تعینات نیٹو کے لئے کام کرنے والے امریکی جنرل جیمز لی ڈوزیئر کو بیوی کے ساتھ مارکسٹ دہشت گرد گروپ نے 17 دسمبر 1981 کو اغواء کیا، تاہم انہیں 28 جنوری 1982 کو چھڑالیا گیا۔ کولمبیا کے صدارتی امیدوار انگرڈ بیٹن کورٹ فروری 2002 میں اغواء کرلئے گئے اور 2007 تک اسیر رہے۔ مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید مرحوم کی بیٹی روبیہ سعید کو جے کے ایل ایف نے8 دسمبر 1989 کو اغواء کیا، اس وقت مفتی سعید کو بھارتی وزیر اعظم وی پی سنگھ کی کابینہ میں وزیر داخلہ مقرر ہوئے 5 دن ہی ہوئے تھے۔