راولپنڈی:(اے پی پی) وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے ایم این اے ملک ابرار احمد کی تجویز پر راولپنڈی ضلع کے 1000سے زائد پرائمری سکولوں میں ڈبل شفٹ شروع کرنے کی منظوری دیدی ہے ‘سیکینڈ شفٹ کے لیے اساتذہ ‘نان ٹیچنگ سٹاف بھی الگ ہوگا ‘شہباز شریف نے تعلیمی اداروں میں زیادہ سے زیادہ انرولمنٹ کا ہدف دیا ہے۔ گز شتہ روز راولپنڈی میں ایم این اے ملک ابرار احمد ‘ای ڈی او ایجوکیشن قاضی ظہوالحق کی زیر صدارت پرائمری سکولوں میں ڈبل شفٹ کے لیے جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔جس میں مسلم لیگ ن میٹرو پولیٹن کے صدر سردار نسیم احمد ‘ایم پی اے راجہ محمد حنیف ‘سابق ایم پی اے چوہدری ایاز ‘ راولپنڈی کینٹونمنٹ کے ممبر ملک منیر احمد ‘این جی اوز کے نمائندوں ‘والدین اور اساتذہ تنظیموں کے عہدیداران نے شرکت کی ۔ای ڈی او ایجوکیشن قاضی ظہور الحق نے اجلاس کو بتا یا کہ ایم این اے ملک ابرار احمد نے وزیرا علی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کو تجاویز بھجوائیں تھیں کہ راولپنڈی ضلع بھر میں بڑھتی ہوئی آبادی اور انرولمنٹ زیادہ سے زیادہ کرنے کے وزیر اعلی پنجاب کے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے ضروری ہے کہ راولپنڈی ضلع بھر کے تمام ہائیر ‘سکینڈری ‘مڈل اور پرائمری سکولوں میں ڈبل شفٹ کا اجراء کیا جائے ‘وزیراعلی پنجاب نے پہلے مرحلے میں راولپنڈی بھر کے تمام پرائمری سکولوں میں ڈبل شفٹ کے اجراء کی منظوری دیدی ہے ۔این جی اوز کے نمائندوں ‘والدین ‘سول سوسائٹی اور اساتذہ تنظیموں نے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ایم این اے ملک ابرار احمد کے شکر گذار ہیں جن کی محنت سے آج راولپنڈی ضلع کے پرائمری سکولوں میں ڈبل شفٹ کا اجراء ہو رہا ہے‘ ہمیں امید ہے کہ داخلہ کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مرحلہ وار مڈل‘ ہائی اور ہائیرسکینڈری سکولوں میں بھی ڈبل شفٹوں کا اجراء ہوگا ۔مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے سردار نسیم احمد ‘ایم پی اے راجہ محمد حنیف اور دیگر نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ہمیں ملک ابرار احمد پر فخر ہے جنہوں نے تعلیم کے حوالے سے اتنا اچھا کام کیا ‘اس کام کے دور رس اثرات مرتب ہونگے ۔